گھریلو جھگڑا،بھائی نے بھائی،بھابھی،بھتیجی سمیت 4افرادمارڈالے
ڈی آئی خان میں بھائی نے سعد اﷲ وغیر ہ کی جان لی،باجوڑ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو قتل کر دیا
ڈیرہ اسماعیل خان ،باجوڑ (نمائندگان سی این این اردوڈاٹ کام) ڈیرہ اسماعیل خان میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے بھائی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گھر کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں شیرکہنہ میں پیش آیا، جھگڑے کے دوران طیش میں آکربھائی نے اپنے بھائی پرفائرنگ کردی ، جاں بحق ہونے والوں میں سعد اﷲ، اس کی بیوی، بیٹی اور ایک قریبی رشتے دار ابوبکر شامل ہیں ، فائرنگ سے مقتول کے 2 بیٹے بھی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم فرارہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
باجوڑ میں تحصیل سالار زئی کے علاقے چوترہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار ملک ریحان آف متہ شاہ کو قتل کردیا اورفرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے لاش کو ہسپتا ل منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی چھان بین میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔



