انٹر نیشنلبلاگپاکستانتازہ ترینکاروبارکالم

اوساکا ورلڈ ایکسپو:پاکستانی ثقافت، پنک سالٹ،غذائی مصنوعات کی دھوم

پاکستانی پویلین سیاحوں کی توجہ کا مرکز:سید ندیم عالم شاہ، سرمایہ کاری بڑھے گی: سیدفیروزعالم شاہ، رضا بشیر تارڑ

لاہور:(رپورٹ: محمد قیصر چوہان)جاپان کے تاریخی اور ثقافتی شہر اوساکا میں دنیا کی سب سے بڑی تجارتی اور ثقافتی نمائش”ورلڈ ایکسپو 2025“ بڑی کامیابی سے جاری ہے۔ایک منفردتھیم ”ہماری زندگیوں کیلئے مستقبل کی سوسائٹی کو ڈیزائن کرنا“کے ساتھ اوساکا، کانسائی میں 13 اپریل سے جاری ورلڈ ایکسپو سے ایک محفوظ سوسائٹی کی تشکیل سمیت امن ، محبت ، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام اُ جاگر ہو رہا ہے ۔

یہ عالمی نمائش13 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی،ایکسپو میں 160 سے زائد ممالک اور 9 بین الاقوامی تنظیموں نے شرکت کی ہے،اب تک ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد نے عالمی نمائش دیکھی ہے۔جاپان ایسوسی ایشن برائے 2025 ورلڈ ایکسپو کے مطابق نمائش کے اختتام تک جاپان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کم از کم 2 کروڑ 80 لاکھ افراد نمائش دیکھ چکے ہوں گے۔کامیابی کے ساتھ جاری ورلڈ ایکسپو کے ذریعے جاپان دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔


واضح رہے کہ جاپان نے 24 اپریل 2017 کوورلڈ ایکسپو کیلئے اپنی باضابطہ بولی لگائی تھی ،یوں یہ تیسرا موقع ہے جب اوساکا کسی ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کر رہا ہے، اس سے قبل وہ ایکسپو 1970 اور 1990 کی میزبانی کر چکا ہے۔یادرہے کہ ورلڈ ایکسپو کا انعقاد ایک ڈیڑھ صدی سے بھی زائد عرصے سے ہو رہا ہے۔ 1851 سے شروع ہونے والی اس تقریب میں عمومی طور پر ایجادات سامنے لائی جاتی ہیں۔ اسی ایونٹ میں پہلی بار بلب کی نمائش ہوئی تھی۔ جبکہ بڑی تعمیرات بھی اسی نمائش کے موقع پر سامنے لائی گئیں جن میں ایفل ٹاور بھی شامل ہے جو کہ 1889 میں تعمیر کیا گیا تھا۔

ورلڈ ایکسپو کے ذریعے نہ صرف انسانی ترقی کی خوشی اظہار کیا جاتا ہے بلکہ اس سے میزبان شہر کو ترقی کرنے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت کا موقع بھی ملتا ہے۔ اوساکا ورلڈ ایکسپو کیلئے عظیم الشان لکڑی کا چھت دار ڈھانچہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں دنیا کے سب سے بڑے لکڑی کے تعمیراتی ڈھانچے کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔ ”گرینڈ رنگ“ جو اس چھ ماہ طویل عالمی ایونٹ کی علامت ہے، کا چھت کا کل رقبہ 61,000 مربع میٹر سے زائد ہے، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی عالمی اتھارٹی نے باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔اس منفرد تعمیراتی ڈھانچے کے معمار، سوسوکے فوجیموٹو ہیں ۔

یہ ایکسپو کا علامتی ڈھانچہ تقسیم کا شکار ہونے والی دنیا میں اتحاد اور تعلقات کی اہمیت کا پیغام دے رہا ہے،رواں سال 27 فروری کو مکمل ہونے والے تعمیراتی شاہکار ”وحدت میں تنوع“کے ایکسپو فلسفے کی عکاسی کرتا ہے۔یہ 20 میٹر بلند اور تقریباً 2 کلومیٹر محیط لکڑی کا ڈھانچہ جاپانی صنوبر اور دیودارکے علاوہ یورپی ریڈ پائن سمیت 27,000 مکعب میٹر لکڑی سے تیار کیا گیا ہے۔ ایکسپو منتظمین کے مطابق، یہ منفرد ساخت پائیدار اور ماحول دوست تعمیراتی تکنیکوں کی ایک نمایاں مثال ہے۔

اوساکا میں جاری ورلڈ ایکسپو میں رقاصوں نے سب سے بڑے بون رقص کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔یہ تقریب ”اوساکا ویک“ کے حصے کے طور پر منعقد کی گئی تھی اور اس میں ریکارڈ توڑ روایتی جاپانی رقص کیلئے 62 ممالک کے 3 ہزار946 افراد کو اکٹھا کیا گیا تھا۔موسم گرما کے روایتی کیمونو، ی ±وکاتا اور علاقائی ملبوسات پہنے شرکاءنے ایکسپو کے آفیشل تھیم سانگ پر رقص کیا۔گنیز سے تصدیق شدہ ہونے کیلئے 90 فیصد سے زیادہ شرکاءکو پانچ منٹ سے زیادہ کوریوگرافڈ رقص کا مظاہرہ پیش کرنے کی ضرورت تھی۔ تمام شرکا دس منٹ تک رقص کر کے اس معیار پر پورے اترے۔اس سے قبل 2017 میں اوساکا پریفیکچر کے یاو ¿ شہر میں سب سے بڑے بون رقص کا ریکارڈ قائم کیا گیا تھا، حالیہ مظاہرے میں رقاصوں کی تعداد اس سے پہلے ریکارڈ سے 1,000 سے زیادہ تھی۔

شرکاءکی قومیتوں کے اعتبار سے تعداد نے بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑا ہے۔ورلڈ ایکسپو نہ صرف جاپان بلکہ دنیا بھر کے ممالک کیلئے اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی اعتبار سے ایک یادگار موقع ہے۔اس عالمی نمائش میں دنیا بھر کے ممالک بھی اپنے انفرادی پویلینز کے ذریعے اپنی ثقافت، ایجادات اور مستقبل کے ویژن کو پیش کر رہے ہیں۔جاپان کے شہر اوساکا میں دنیا کی سب سے بڑی تجارتی اور ثقافتی نمائش”ورلڈ ایکسپو 2025“ کا باقاعدہ افتتاح جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے کیا۔ اور نمائش کی تھیم “ہماری زندگیوں کیلئے مستقبل کی سوسائٹی کو ڈیزائن کرنا“ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایکسپو عالمی تعاون اور مشترکہ ترقی کی علامت ہے۔

 

افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سفیر برائے جاپان رضا بشیر تارڑ نے بھی خصوصی شرکت کی۔پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستانی پویلین دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے کشش کا باعث بنے گا اور پاکستان کی معدنی دولت بالخصوص گلابی نمک کی عالمی مارکیٹ میں مزید رسائی پیدا ہوگی، یہ ایکسپو پاکستان کےلئے اپنی ثقافت، مصنوعات اور سیاحت کو دنیا کے سامنے لانے کا سنہری موقع ہے۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان (کوئٹہ) سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان کے تاریخی شہر اوساکا میں کامیابی کے ساتھ جاری ورلڈ ایکسپو2025 جاپان کے تعلقات پاکستان سمیت عالمی نمائش میں شریک 160 ممالک کے ساتھ مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہورہی ہے، ورلڈ ایکسپو نے جاپان اور اس کی بنائی ہوئی مصنوعات کو پوری دنیا کے سامنے نمایاں طور پر پیش کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے ایکسپو 2025 اوساکا جیسے عالمی پلیٹ فارمز، جہاں دنیا بھر کے ممالک نہ صرف باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مشترکہ مسائل کے حل کیلئے اجتماعی حکمت عملی ترتیب دیتے ہیں۔جاپانی اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے اوساکاورلڈ ایکسپو کے تھیم ”ہماری زندگیوں کیلئے مستقبل کی سوسائٹی کو ڈیزائن کرنا“کو ایک منفردتھیم قراردیتے ہوئے کہا کہ اوساکا، کانسائی میں 13 اپریل سے جاری ورلڈ ایکسپو سے ایک محفوظ سوسائٹی کی تشکیل سمیت امن ، محبت ، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام اُ جاگر ہو رہا ہے ۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان (کوئٹہ) سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ عالمی نمائش نہ صرف دنیا بھر کے ممالک کیلئے اپنی مصنوعات اور ثقافت کو متعارف کروانے کا ایک عظیم موقع ہے، بلکہ یہ عالمی سطح پر مشترکہ ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار معیشت کے فروغ کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔

جاپان کے شہر اوساکا، کانسائی میں جاری عالمی نمائش میں اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد نے پاکستانی پویلین کا وزٹ کیا ہے۔پویلین میں پاکستانی ہمالیائی پنک سالٹ کو مرکزی تھیم کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس نے جاپانی عوام میں بے حد مقبولیت حاصل کی۔ بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کا پویلین سادگی، خوبصورتی اور اثر انگیزی کا امتزاج بن چکا ہے اس کی سب سے نمایاں خصوصیت پاکستان کا قدرتی خزانہ پنک ہمالین سالٹ ہے، جو اپنی خوبصورتی، طبی فوائد اور نایابیت کے سبب غیر ملکی زائرین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے۔

پاکستان نے جرات مندانہ اور مربوط تھیم کے ذریعے اپنی موجودگی کو نمایاں انداز میں پیش کیا ہے جو ملک کی پائیدار ترقی، تخلیقی صلاحیتوں اور اعلیٰ درجے کی دستکاری سے وابستگی کا مظہر ہے۔”نمک کے ذرے میں کائنات“کے عنوان کے ساتھ پاکستان کا پویلین فطرت سے جڑے مو ¿ثر اور دلکش بیانیے کو پیش کرتا ہے۔ پاکستان کے پویلین میںپاکستان کے قدرتی خزانے، گلابی پتھر کے نمک کا علامتی استعمال یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ نمک اپنی پاکیزگی اور طاقت میں ہماری زمین سے گہری اور لازوال وابستگی کا آئینہ دار ہے۔

اسی کے ذریعے ہم دنیا کو پائیداری اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگ ترقی کا روشن پیغام دے رہے ہیں۔پاکستانی پویلین روزانہ 8 سے 10 ہزار افراد کی میزبانی کر رہا ہے جن میں بچوں، بزرگوں، تاجروں، صحافیوں اور سفارتکاروں سمیت جاپانی شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ وہ نہ صرف پنک سالٹ بلکہ پاکستانی ثقافت، روایتی ہنر، فوٹو گیلری، معلوماتی مواد اور غذائی مصنوعات میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔پنک سالٹ کے اسٹال پر خصوصی ڈسپلے، معلوماتی سیشنز اور تجرباتی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پاکستانی بریانی اور مینگوفیسٹیول نے بھی ایونٹ میں رنگ بھر دیے۔

پاکستانی پویلین کے انچارج اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیرنے کہا کہ جاپانی اور غیر ملکی سیاح پاکستانی پویلین کو دیکھنے کیلئے گھنٹوں قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں یہ پاکستان کی ثقافتی کشش اور معیاری مصنوعات کا ثبوت ہے۔، پاکستانی کمیونٹی جاپان میں ایکسپو کے دوران بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہے، جو قومی تشخص کو ا جاگر کرنے میں مدد دے گی۔


جاپان میں جاری ورلڈ ایکسپو 2025 کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ اورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز عالم شاہ کا کہناتھا کہ جاپانی شہر اوساکا میں جاری ورلڈ ایکسپو جاپانی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات خاص طور پر پنک سالٹ کو متعارف کروانے کا شاندار موقع ہے ،یہ نہ صرف تجارتی مواقع کو فروغ دیتا ہے بلکہ پاکستان کے پرامن اور متنوع تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ہے، ورلڈ ایکسپو میں پاکستانی پویلین پردس لاکھ سے زائد افراد کی آمد پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے جو پاکستان کیلئے قابل فخر بات ہے ، عالمی ایونٹ میں پاکستان کی موجودگی اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ سرمایہ کاروں کیلئے اُمید کی نئی کرن ہے جبکہ اس پویلین کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب ہورہے ہیں ۔

صدارتی ایوارڈ یافتہ شخصیت سید فیروز عالم شاہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ ایکسپو 2025 میں پاکستان کے پویلین کو بے حد سراہا جا رہا ہے، جہاں پاکستان کی ثقافت، معیشت اور ٹیکنالوجی کے پہلوو ¿ں کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے، ایسے اقدامات پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے بہتر انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں ،عالمی نمائش میں پاکستانی پویلین نے نہ صرف پاکستان کی ثقافت، خوراک اور ہنر کو متعارف کرایا بلکہ جاپان اور دنیا کو پاکستان کا مثبت اور ترقی پسند چہرہ دکھایا۔ورلڈایکسپو 2025 اوساکا میں پاکستانی پویلین کی یہ کامیابی نہ صرف سفارتی اور تجارتی مواقع کو فروغ دے رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی مثبت شناخت کو اُجاگر کرنے میں بھی اہم ترین کردار ادا کر رہی ہے۔

پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ کا کہناتھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اورچیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ہم نئی انڈسٹریل پالیسی اور نیو انرجی وہیکل پالیسی متعارف کروا رہے ہیں جن کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنا ہے، جاپانی سرمایہ کاروںکیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے۔ ورلڈ ایکسپو 2025 اوساکا میں پاکستانی پویلین نہ صرف پائیدار ترقی اور معاشی امکانات کا آئینہ دار ہے بلکہ پاکستان کی تہذیبی خوبصورتی اور ثقافتی ہم آہنگی کا روشن پیغام بھی دنیا تک پہنچاتا ہے۔

اوساکا ،کانسائی ورلڈایکسپو جیسے عالمی پلیٹ فارمز، جہاں دنیا بھر کے ممالک نہ صرف باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مشترکہ مسائل کے حل کیلئے اجتماعی حکمت عملی ترتیب دیتے ہیں،ایسے مواقع پاکستان کو عالمی برادری کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے، اپنی ترقی کی راہیں متعین کرنے اور دنیا کو اپنی صلاحیتوں سے روشناس کرانے کا سنہری موقع فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ کا کہناتھا کہ پاکستانی پویلین مکمل طور پر توانائی کی بچت اور کم سے کم کاربن اخراج پر مبنی بنایا گیا ہے، جو ایکسپو 2025 کے وسیع موضوع ”ہماری زندگیوں کیلئے مستقبل کی سوسائٹی کو ڈیزائن کرنا“سے بخوبی ہم آہنگ ہے۔ ہمارا پیغام نہایت سادہ ہے، مستقبل کے معاشرے فطرت سے جنم لیں اور ہمیشہ اسی سے جڑے رہیں، پاکستان کے پویلین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شہرت اور گہرے اثرات کو بھی اجاگر کیا گیا جو ایکسپو 2025 کے سب سے زیادہ وزٹ کیے جانے والے پویلینز میں شامل ہو چکا ہے۔

اپنی دلکش فنِ تعمیر میں گلابی پتھر کے نمک اور قدرتی عناصر کی شاندار جھلک پیش کرتے ہوئے، یہ پویلین فلاح و بہبود، فطرت اور ثقافتی عکاسی کی ایک متاثر کن داستان سناتا ہے جو ہر دیکھنے والے کے دل و دماغ پر گہرا اثر چھوڑتی ہے،پاکستانی پویلین دل کی گہرائیوں کو چھو رہا ہے،یہ فطرت سے دوبارہ جڑنے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے کا پیغام ہے،یہ محض ایک ڈیزائن نہیں، بلکہ توازن اور تجدید کی ایک زندہ روح ہے جو ہم سب کو نئی زندگی عطا کرتی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان میں جاری ورلڈ ایکسپو کے پلیٹ فارم کے ذریعے دنیاکے160 ممالک اپنی ثقافت، جدت طرازی، روایات،معیشت،مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو نہایت خوبصورتی سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button