ایف آئی اے کے چھاپے، پاسپورٹ آفس انچارج،نیشنل بنک کے کیشیئر سمیت12گرفتار
شاہدرہ پاسپورٹ آفس سے ندیم بٹ، آکاش شیراز ، غلام رسول پاشا، شیخوپورہ پاسپورٹ آفس سے عابد محمود، نعمان ظفر اور فخر عباس گرفتار،رواں مالی سال مراکش کشتی حادثہ سمیت 1368 انسانی سمگلرگرفتار،ہاشم رضا کی ضمانت خارج
لاہور: (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)ایف آئی اے کے چھاپے جاری ہیں شاہدرہ کے پاسپورٹ آفس انچارج اور گجرات کے نیشنل بنک کے کیشیئر سمیت12ملزم گرفتار کرلئے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے شاہدرہ پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مار کر پاسپورٹ آفس انچارج سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا، ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں ندیم بٹ، آکاش شیراز اور غلام رسول پاشا شامل ہیں، ملزمان شہریوں کو پاسپورٹ فوری بنوانے کا جھانسہ دے کر پیسے ہتھیا رہے تھے، ملزمان سے پاسپورٹس،ٹوکن، بنک چالان، رسیدیں ودیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈی جی ایف ائی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی ٹیم نے شیخوپورہ پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مارا،3ملازموں عابد محمود، نعمان ظفر اور فخر عباس کوگرفتار کرلیا۔
دریں اثنا نیشنل بینک آف پاکستان کی گولڈ لون سکیم پر ایک بڑا سکینڈل سامنے آ یا ہے ، ایف آئی اے گجرات نے قومی بینک کی منگوال غربی برانچ کے کیشیئر سعادت اختر کو 6کروڑ کے سونے کی مبینہ چوری جعلی دستخط، چھیڑ چھاڑ شدہ تھیلے اور ہیرا پھیری کے انکشاف پر گرفتار کرلیا۔
مزید براں کوئٹہ اور گوادر میں ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے کی کرنسی قبضے میں لے لی،ملزمان میں وسیم احمد، طارق احمد، عبدالخلیق، احمد اور مقصود شامل ہیں ،ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 75 لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے ملزمان سے چیک بکس، موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔
مزید براں ایف آئی اے نے رواں مالی سال کے دوران 1368 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ،گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے 16انتہائی مطلوب انسانی سمگلر اوریونان کشتی حادثات میں ملوث 91انسانی سمگلر بھی شامل ہیں،رواں سال کے دوران ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی 955ملین روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
مراکش کشتی حادثہ 2025 میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلر ہاشم رضا کی ضمانت بعد از گرفتاری لاہور ہائی کورٹ سے خارج ہوگئی ،
ملزم نے شہری کو سپین ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 40 لاکھ روپے ہتھیائےبعد ازاں ملزم نے شہری کو سپین کی بجائے وزٹ ویزا پر موریطانیہ بھجوا دیا ،موریطانیہ میں ملزم کے دیگر ساتھی ایجنٹس علی حسن اور مولوی عثمان نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے بذریعہ کشتی سپین بھجوانے کی کوشش کی مراکش کی سمندری حدود میں کشتی حادثہ کی وجہ سے معصوم شہری کی موت واقع ہو گئی تھی ،شہری کے لواحقین کی طرف سے مجاز عدالت میں راضی نامہ پیش کیا گیا ،ایف آئی اے کی ٹیم نے بھرپور دفاع کیا اور ملزم کی ضمانت بعداز گرفتاری خارج ہو گئی۔



