سٹیج اداکارہ اقراخان پر تشدد ، فائرنگ ،ملزم آزاد،مقدمہ
لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع ایک پنجابی تھیٹر میں سٹیج اداکارہ پر تشدد اور فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعہ کی مدعیت سٹیج آرٹسٹ اقراء نے درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے تھیٹر کے دوران اداکارہ کو تھپڑ مارا اور شور شرابہ ہونے پر پستول نکال کر زمین پر فائر کیا۔

ایف آئی آر میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ ملزم نے اداکارہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سی این این اردوڈاٹ کام سے بات کرتےہوئے سٹیج اداکارہ اقراخان نے بتایا کہ محسن نامی شخص نے 29 اگست کو لاہور کے نجی تھیٹر کی پارکنگ میں سرعام حملہ اور فائرنگ کی ۔

اداکارہ کے مطابق ملزم 6 ماہ سے ذہنی اذیت کاشکار بنا رہا ہے ،اسٹیج پر پرفارمنس کے دوران اسلحے سے لیس ہو کر دھاوا بول دیتا تھا،ملزم نے 29 اگست کو اسلحے کے زور پر تشدد کیا پھر جان سے مار دینے کی نیت سے گولی چلائی جو کہ زمین پر لگی، پارکنگ میں کھڑے لوگوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ محسن نامی ملزم بہت بااثرہے جس وجہ سے پولیس بھی اس کے خلاف ایکشن لینے سے ڈرتی ہے متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ مریم نواز، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی ڈی اے آئی جی سہیل ظفر چھٹہ ، سی سی پی او لاہور سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انصاف کی اپیل کر تے ہوئے کہا ہے کہ مجھے تحفظ فراہم کیا جائے ۔



