پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے،3خطرناک ملزم ہلاک

لاہور میں دلشاد اور روحیل مسیح، لیہ میں بین الاضلاعی ڈکیت افضل گرمانی مارا گیا:حکام،وزیراعلیٰ کا ٹیم کو خراج تحسین

لاہور:(بیوروچیف) سی سی ڈی نے 3مختلف مبینہ پولیس مقابلوں میں3 خطرناک اشتہاری ملزمان کو پار کر دیا گیا ۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) سٹی کوتوالی کی ٹیم نے شاد باغ کے علاقے میں کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق انتہائی خطرناک اور 170 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم دلشاد عرف شاد کو اسلحہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے اچانک پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوا، جسے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ راستے میں دم توڑ گیا۔

دوسری کارروائی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (AVLS/CCD) ماڈل ٹاؤن کی جانب سے تھانہ کاہنہ کے علاقے میں کی گئی۔ ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم پر چار مسلح ملزمان نے دو موٹر سائیکلوں پر آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس کی سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران اشتہاری ملزم روحیل مسیح عرف سنی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا اور راستے میں دم توڑ گیا۔

سی سی ڈی لیہ کی ٹیم نے مخبری پر لیہ کے علاقہ میں بڑی کاروائی کی۔ ٹیم کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی اپنی حفاظت کے لئے جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ رکنے کے بعد دیکھا کہ مبینہ مقابلہ میں بدنام زمانہ اور متعدد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بین الاضلاعی ڈاکو افضل گرمانی سکنہ کوٹ سلطان پولیس مقابلہ میں اپنے ہی ساتھی ڈکیتوں کی فائرنگ سے ہلاک پڑا تھا۔

افضل گرمانی ڈیرہ غازیخان،لیہ اور کوٹ ادو کے علاقوں میں ڈکیتی راہزنی اور دوران واردات معصوم لوگوں کو فائر مار کر زخمی کرنے جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث اور مطلوب تھا اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز، سربراہ سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ اور ایس ایس پی سی سی ڈی ڈیرہ غازیخان یوسف ہارون نے کاروائی پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button