پاکستانتازہ ترینکاروبار

مریم نواز کا بڑا اقدام: پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی ہفتہ وار رپورٹ طلب، 51 شہروں میں ترقیاتی کام جاری

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خصوصی ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ ہر شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے۔ انہوں نے مثالی گاؤں پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت 51 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جہاں ڈی سلٹنگ مشین، 46 سیکشن مشینیں، 45 جیٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹس فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ویسٹ کنٹینرز اور کوڑے کرکٹ کے ڈرمز کو مستقل صاف رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ مزید برآں، پنجاب میں پہلی بار ایچ ڈی پی ای پائپ لائننگ پلانٹ کی تنصیب 20 اپریل سے شروع کی جائے گی، جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی اسی نوعیت کا پلانٹ قائم کیا جائے گا۔

اجلاس میں پراجیکٹ گیلری کے ذریعے ہر تحصیل میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تصویری جائزہ لیا گیا، جبکہ لائیو ڈیش بورڈ پر مالی اور فزیکل پیش رفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں کم وقت میں زیادہ ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں اور واسا پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے وقار کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button