لاہور:(بیوروچیف /سیدظہیر نقوی سے )نیوائیر نائٹ پر لاہور،گوجرانوالہ ،فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی شہر گولیوں کی تڑ تڑاہٹ سے گونج اٹھے ،آتش بازی اور فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔
منچلوں نے سڑکوں پر بھی خوب شوروغل کیا جبکہ کئی علاقوں میں پولیس بھی بھرپورایکشن میں نظر آئی درجنوں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرلیا۔

لاہور میں مال روڈ،گلبرگ،جوہرٹائون سمیت کئی پوش علاقوں میں فائرنگ کی گئی جبکہ رائیونڈسمیت کئی علاقوں میں ڈانس پارٹیوں اور شراب کی محفلوں کا اہتمام کیا گیا ،ایمپلی فائرایکٹ کی بھی دھجیاں اڑا دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق تھانہ مزنگ،گڑھی شاہو،نوانکوٹ،شیراکوٹ،اقبال ٹائون کی حدود میں پولیس اہلکاروں اور محکمہ ایکسائز کے عملہ کی ملی بھگت کی وجہ سے کئی روز قبل ہی منشیات اور شراب کی بکنگ کرلی گئی تھی،بڑے بڑے فارم ہائوس پررقص وسرود کی محفلیں جمائی گئیں۔
قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ائیر نائٹ پر لاہور سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سال نو کی آمد پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں۔
395 انسپکٹرز، 1125 سب انسپکٹرز، 2060 اے ایس آئیز، 1310 ہیڈ کانسٹیبلز اور 18759 کانسٹیبلز و دیگر اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
لاہور میں 05 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامورہیں جبکہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔



