انٹر نیشنلپاکستان

گندم ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ: سٹاک ڈیکلیئر کرنے کیلئے 3دن کی مہلت

مریم نواز خانیوال میں سیلاب سے گندم ضائع ہونے پر برہم، DGفوڈ برطرف، ڈی ایف سی سمیت تمام عملے کو بھی معطل کر دیا

لاہور ( سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے بارے میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے گندم کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں گندم کے سٹاک کو ڈیکلیئر کرنے کیلئے تین دن کی مہلت دی جارہی ہے۔ انہوں نے تین دن کے بعد گندم غیر قانونی طور پر سٹور کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں گندم کا سٹاک شو کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ گند م کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ گندم سٹاک کرنے والے رضاکارانہ طور پر ڈکلیئر کریں ورنہ کارروائی ہو گی۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے صورتحال کا فائدہ اٹھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بعض عناصر گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تمام ممکنہ وسائل استعمال کرکے گندم کے غیرقانونی سٹاک کی نشاندہی کی جائے۔انہوں نے صوبہ میں گندم کی سٹاک کی درست طورپر نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے گندم اور آٹے کے نرخ برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ نے پیرا کو صوبہ بھر میں مسلسل چیکنگ اور کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ ہر دکان پر سرکاری نرخنامہ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا حکم دیا اور خلاف ورزی پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے خانیوال میں سیلاب سے گندم ضائع ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سیلاب کے دوران گندم کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل نہ کرنے پر ڈی جی فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ سیلاب سے گندم کے ضیاع پر خانیوال کے ڈی ایف سی سمیت تمام عملہ معطل کر دیا گیا۔دریں اثنا مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تینوں دریائوں میں سیلاب کی تاریخی اور غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ پنجاب ٹیم سیلاب متاثرین کی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہے اور وسائل کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
سیلاب کی روز بدلتی ہوئی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر حکام خود فیلڈ میں ہمہ وقت موجود ہیں۔ بارشوں کے پیش نظر سیلاب متاثرین کیلئے 6 ہزار سے زائد ٹینٹ اور ریسکیو آپریشن کے لئے بوٹس بھی روانہ کر دی گئیں ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے رانا ثناء اللہ کو سینٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے اظہار تشکر کیا ہے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button