لاہور ( بیورو چیف) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1301ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 667افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
865معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (76فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔
ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 821ڈرائیوز ،53 کم عمر ڈرائیور ، 568مسافراور150پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 212ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 256متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد100حادثات میں 128متاثرین کے ساتھ دوسرے، ملتان78 حادثات میں 87متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1539متاثرین میں 1227مرد اور312 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 243 افراد کی اوسط عمر18سال سے کم851افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ445زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔
ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1271موٹر سائیکلز،80آٹو رکشے، 151 کاریں ،21 وین، 07 مسافر بسیں ،27ٹرک اور108دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔



