لاہور :(بیوروچیف) صوبائی دارالحکومت کے علاقے مناواں میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم فراست علی اپنے ساتھی جون شاہ سمیت ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان پولیس کو کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے یہ مقابلہ اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
مقابلے کے دوران ایس ایچ او عاطف ذوالفقار بال بال بچ گئے، جب کہ فائر کی گئی گولیاں ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا مرکزی ملزم فراست علی چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں بزرگ خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہو گیا تھا۔
واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ہلاک ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔



