
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)وفاقی آئینی عدالت نے بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کی تشکیل کے معاملہ پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے 10 روز میں جواب طلب کرلیا،عدالت نے وفاقی حکومت کو بھی نوٹسزجاری کرکے جواب طلب کرلیا ۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے سزا یافتہ انسان کیلئے ایسی فورس نہیں بننی چاہیے۔کیس کی سماعت چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، آئینی عدالت نے قرار دیا وفاقی حکومت یقینی بنائے فورس کی تشکیل میں آئین و قانون کی خلاف ورزی نہ ہو۔
درخواست گزار ظہیر احمد کے وکیل علی نواز نے رہائی فورس سے متعلق دستاویزات پیش کیں اور موقف اختیار کیا کہ سہیل آفریدی نے بیان دیا کہ ہمارا مقابلہ ڈاکوؤں کے ساتھ ہے،اس طرح کی فورس امن و عامہ کے لیے بھی تھریٹ ہے،امن و امان سے متعلق کراچی ہائیکورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیاکہ کیا صوبائی کابینہ نے فورس تشکیل کی اجازت دی، وکیل درخواست گزار نے کہا کابینہ نے ایسی کوئی اجازت نہیں دی۔



