کراچی (ویب ڈیسک) گورنر سندھ نہال ہاشمی سے کویت کے قونصل جنرل سالم الحمدان نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان مختلف شعبوں میں اشتراک عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گورنر سندھ نے قونصل جنرل سالم الحمدان کی سفارتی خدمات کو سراہا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ہمہ گیر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
کویتی قونصل جنرل سالم الحمدان نے کہا کہ کویتی شاہی خاندان کراچی سے دلی لگا رکھتا ہے اور یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کویتی سرمایہ کار سندھ بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہاں کے تجارتی ماحول سے مطمئن ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماں نے پاک کویت اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے میں خوشحالی اور معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔



