لاہور ( بیورو چیف) رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے کہا ہے کہ مومنہ اقبال میری بیوی کو طلاق لینے پر اکساتی رہی ۔ اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے معاملہ پر لیگی رکن اسمبلی ثاقب چدھڑ کا این سی سی آئی اے میں جمع کرایا گیا بیان منظر عام پر آگیا۔
ثاقب چدھڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ مومنہ اقبال سے 2020ء میں ملاقات ہوئی، جلد قریبی تعلقات قائم ہوگئے، مومنہ اقبال کے ساتھ اندرون و بیرون ملک متعدد سفر کیے، تمام اخراجات خود برداشت کیے، مومنہ اقبال اور اہل خانہ نے سابقہ شادی اور طلاق کی معلومات چھپائیں۔
علم ہونے پر شادی سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2025ء میں مومنہ اقبال سے تعلقات ختم کر دیئے، مومنہ اقبال کی بہن رمشا ء اقبال نے بلیک میلنگ کے ذریعے 10ہزار آسٹریلین ڈالر وصول کئے، رمشاء اقبال کی یونیورسٹی فیس 13ہزار آسٹریلین ڈالر ادا کی، مومنہ اقبال کے اکائونٹ میں مختلف اوقات میں 83لاکھ روپے منتقل کیے۔
ثاقب چدھڑ نے مزید کہا کہ مومنہ اقبال کے موبائل میں بہت سی تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں، مشکوک افراد نے ویڈیوز اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں، مومنہ اقبال اور رمشا ء اقبال کو تصاویر و ویڈیوز شیئر کرنے سے روکنے کا کہا، مومنہ اقبال کو میرے شادی شدہ ہونے کا مکمل علم تھا، سی ڈی آر بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے اور پولیس کو دی گئی درخواست میں تضادات اور غلط بیانی ہے، مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، چنیوٹ میں ایف آئی آر درج ہے، مومنہ اقبال کی درخواست جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔



