لاہور (بیوروچیف) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ گرین ٹائون میں ناشتے کا بل مانگنے پر ملزم نے دکاندار کے بچوں پر گرم دودھ پھینک دیا اور چاقو سے حملہ بھی کیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹائون میں ناشتے کا بل مانگنے پر دکاندار کے بچوں پر شدید تشدد کیا گیا، ملزم امجد نے بقایا جات اور ناشتہ بل مانگنے پر ساتھیوں مرتضیٰ، عادل، رضا اور دیگر 7سے زائد افراد کے ساتھ حملہ کر دیا۔
مدعی نے بتایا کہ ملزم امجد نے گرم دودھ دکاندار کے 2بیٹوں عمر شہزاد اور عباد پر پھینک دیا جس سے دونوں جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ملزمان نے چاقو کے وار کر کے 2دیگر بیٹوں نصیب اور گل شاہد کو بھی زخمی کیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
مقدمے کے مطابق ملزم جاتے ہوئے دکان سے 55ہزار روپے نقدی اور ایک موبائل فون بھی لوٹ کر لے گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔



