کرسچن بزنس مین فیلو شپ کی کرسمس کے حوالے سے تقریب،اہم شخصیات کی شرکت
کرسچن کمیونٹی پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے میں مدد کرے گی :سلیم شاکر
لاہور:( کامرس رپورٹر)کرسچن بزنس مین فیلو شپ نے کارنر اسٹون کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور پی پی آئی کے باہمی اشتراک سے پاکستان بھر کے کرسچن بزنس مینوں کے اعزاز میںتاریخ ساز تقریب منعقد کی۔اس شاندار تقریب کا انعقاد صدرکرسچن بزنس مین فیلو شپ سلیم شاکرکی انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوا۔

شاندارتقریب میں سابق صوبائی وزیر اعجاز عالم،کارنر اسٹون کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے چیئرمین پاسٹر نبیل ریاض ،فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ذکی اعجاز،لاہور ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فلاحت عمران ،سینئرنائب صدرفائزہ نبیل،فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامر س کی سینئر نائب صدر کرسٹینا پیٹر ،چیئرمین آئزک ٹی وی واٹرنل لائف چرچ پاسٹر انور فضل ،داود شریف سہوترا،
پاسٹر شوکت عاشق، پاسٹر منیر بھٹی، نائب صدر تیمور سندھو ،چیف ایڈوائزر جیمز نواب ،ایگزیکٹو ممبر صائمہ سموئیل ،ایگزیکٹو ممبر ویمن چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری سلومی شیرون ، وسیم سلیم سمیت کرسچن بزنس مینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

سلیم شاکر نے ملک بھر سے آئے ہوئے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور مہمانوں کو گلدستے پیش کر کے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔تاریخ ساز ،دلکش ، شاندار اور یاد گار تقریب میں کرسمس کیک بھی کا ٹا گیا۔
اس موقع پرپاسٹر انور فضل نے پاکستان سمیت مسیحی قوم کی ترقی و سرفرازی کیلئے دعا بھی کرائی۔
کرسچن بزنس مین فیلو شپ کے صدر سلیم شاکر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسچن کمیونٹی نے پاکستان بنانے میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا اب کرسچن بزنس مین فیلو شپ کے فورم سے کرسچن کمیونٹی پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا کرایشین ٹائیگر بنانے میں بھی ایم ترین کردار ادا کرے گی۔



