عید رعایت ختم : پنجاب،اسلام آباد میں دوبارہ لاک ڈائون شروع،کن کو استثنیٰ حاصل؟
مارکیٹیں رات 8 بجے اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند ہوں گے،جم، آئی ٹی سیکٹر اور کال سینٹرز کو اوقاتِ کار سے استثنیٰ

لاہور:(بیوروچیف) عید کی تعطیلات کے بعداسلام آباد میں یکم جون سے دوبارہ لاک ڈائون شروع ہوگیا جبکہ پنجاب میں2جون سے لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے لیے مقرر کردہ اوقاتِ کار دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔حکومت پنجاب کی توانائی بچت مہم کے تحت مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کو دی گئی وقتی رعایت یکم جون تک محدود رہے گی، جس کے بعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ مقررہ شیڈول کے مطابق چلائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق 2 جون سے صوبے بھر کی مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس سابقہ اوقاتِ کار پر واپس آ جائیں گے۔ اس سلسلے میں عید کے دنوں کے لیے دی گئی خصوصی نرمی ختم کر دی جائے گی۔
نئے شیڈول کے مطابق مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا، جبکہ متعلقہ ادارے اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی بھی کریں گے تاکہ توانائی بچت پالیسی پر مکمل عمل ہو سکے۔مزید برآں ریسٹورنٹس، شادی ہالز اور کھانے پینے کی دکانوں کے اوقات کار رات 10 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ جم، انڈور اسپورٹس، آئی ٹی سیکٹر اور کال سینٹرز کو اوقات کار سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بجلی کے مؤثر استعمال اور توانائی کے ضیاع میں کمی لانے کی وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد قومی توانائی وسائل پر دباؤ کم کرنا اور نظام کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔



