گرین انڈسٹریل زون کا قیا م ،مقامی ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج :مریم کا اعلان
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات،وزیراعلیٰ پنجاب کو سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی کی سٹروک کیئر میں خدمات پر ڈبلیو ایس او/اینجلز کی طرف سے ڈائمنڈ ایوارڈ عطا

لاہور:(سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے وفد نے ملاقات کی۔ چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں جدید گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گرین اکنامک زون کی تجویز پر آمادگی کا اظہار کیا اور عملدرآمد کیلئے جامع ایکشن پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان بھی کیا۔گرین انڈسٹریل زون کے قیام سے 18 ہزار سے زائد افراد کو جدید روزگار ملنے اور سالانہ 5.6 ارب روپے آمدن کی توقع ہے۔
گرین اکنامک زون میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری سٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ماحول دوست مصنوعات کی ایکسپورٹ سے ملک کی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد تک اضافے اور علاقائی معیشت کو بڑی تقویت کی پیشگوئی ہے۔
جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر کے ذریعے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی اور نیٹ زیرو اہداف کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ ہر سرمایہ کار کو خوش آمدید کہتے ہیں، پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ پنجاب میں تمام نئے کاروبار اور صنعتیں شروع کرنے کیلئے ”زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ“پالیسی نافذ کی گئی ہے۔
سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن اور تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا یکجا نظام قائم ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں تمام انتظامی و بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک، مکمل محفوظ اور پرامن تجارتی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ پنجاب کو جدید ترین گرین انڈسٹری اور تجارتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنائیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صوبہ بھر میں شعبہ صحت میں بہتری کے لئے کاوشوں کا اعتراف عالمی سطح پربھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کو سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی کی سٹروک کیئر میں خدمات پر ڈبلیو ایس او/اینجلز کی طرف سے ڈائمنڈ ایوارڈ کا عظیم ترین طبی اعزازسے نوازا گیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر زہرہ خانم،ہیڈشعبہ نیورولوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد عدنان اسلم اور پوری ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دی۔ فالج کے مریض کی بحالی صحت کی کاوشوں کے بہتر نتائج کے لئے سروسز ہسپتال کے سٹروک ایمرجنسی سنٹر کو بہترین قراردیاگیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر قیادت سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی میں ڈائمنڈ ایوارڈ فار ایکسی لینس ان سٹروک کیئر حاصل کرنے والا پبلک سیکٹر کا پہلا ملکی ادارہ بن گیا۔ ”ورلڈ سٹروک آرگنائزیشن“ اور“یورپین سٹروک آرگنائزیشن“ کے اشتراک سے”اینجلز اینی شٹیو“ دنیا بھر میں فالج کے علاج کے معیار کا تعین کرتاہے۔
پاکستان بھر میں سروسز ہسپتال کو فالج زدہ مریضوں کے فوری،موثر اورعالمی معیار کے جدیدترین طریقہ علاج پر ڈائمنڈ ایوارڈ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ڈائمنڈ ایوارڈ کے حصول کے لئے ہسپتالوں کی فالج کے فوری علاج کے لئے کارکردگی کا عالمی معیار کے مطابق تعین کیاجاتاہے۔
سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی کو ٹھرومبولائسز کے لئے ڈور ٹو نیڈل ٹائم میں بہترین قرار دیا گیا۔ ملک بھر کے پبلک سیکٹر میں سروسز ہسپتال سٹروک سنٹر میں فالج زدہ مریضوں کے لئے بروقت، فوری جدید علاج اورجامع طبی نگہداشت کا اعتراف کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب سٹروک پروگرام کے لئے ڈائمنڈ ایوارڈ سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ بروقت علاج اور جدید طبی سہولتوں کے باعث بچائی جانے والی ہزاروں انسانی جانوں کا اعتراف ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال کے دنیا بھر کے بہترین سڑوک سنٹر کی صف میں شامل پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ سٹروک سنٹر سروسز ہسپتال کے لئے ڈائمنڈ ایوارڈ کا اعزاز تاریخی کامیابی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں سروسز ہسپتال سٹروک سنٹر کے لئے ڈائمنڈ ایوارڈکا اعزاز قابل تحسین ہے۔
پنجاب میں فالج کے مریضوں کو بہترین اورعالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کرنے کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ پنجاب میں سٹروک کیئر کے معیار کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔ مستند عالمی ادارے اینجلز اینی شیٹو کی طرف سے ڈائمنڈ ایوارڈ پنجاب میں شعبہ نیورالوجی میں احتراع اور جدت کی راہ ہموار کرے گا۔



