پاکستانتازہ ترین

ترقی اور خوشحالی جمہوریت سے وابستہ، بلاول بھٹو کو عوامی طاقت سے وزیراعظم بنائیں گے: گورنر پنجاب

لاہور (بیورو چیف): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا راستہ مضبوط جمہوری نظام سے ہو کر گزرتا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 67 کامونکے چودھری شہزاد علی گل کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پارٹی کارکنان پیپلز پارٹی کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے چودھری شہزاد علی گل کو تحصیل کی سطح پر پارٹی کو فعال اور منظم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط تنظیم ہی عوامی خدمت اور سیاسی کامیابی کی بنیاد ہوتی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل کو نہ صرف سمجھتی ہے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، آئین، قانون کی حکمرانی اور قومی اداروں کے استحکام کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کے نوجوان اور متحرک رہنما ہیں، جن میں پاکستان کو بہتر انداز میں آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن اپنی محنت، عوامی رابطوں اور ووٹ کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سیاست کا اصل مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور معاشرے میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ملاقات میں پی پی 67 کے کوآرڈینیٹر چودھری محمد خورشید سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button