انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، خطے میں پائیدار امن کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے: شہباز شریف، اردوان

استنبول/اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ترک صدر نے استنبول کے وحدتین محل میں وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری استقبال کیا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخ، اعتماد اور باہمی احترام پر قائم ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جنگِ آزادی میں بھرپور حمایت کی، جبکہ ترکیہ نے بھی زلزلوں اور دیگر مشکل اوقات میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ وزیراعظم نے قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے مؤقف کی ایک بار پھر حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں اسپتالوں، اسکولوں اور سماجی ترقی کے منصوبوں میں ترک تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ "یک جان دو قالب” ہیں اور دونوں ممالک باہمی تجارت کا حجم 5 ارب امریکی ڈالر تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی مستقل حمایت پر بھی صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی رفتار اطمینان بخش ہے۔

صدر اردوان نے ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے امن عمل کے دوران قریبی سفارتی رابطوں کو سراہا اور خطے میں دیرپا امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تیل و گیس کی تلاش، کان کنی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے ممتاز کاروباری گروپس اور صنعتی تنظیموں کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں چالک ہولڈنگ، البیرک گروپ، یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ (TOBB) اور ترک سیل کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، بندرگاہوں کی ترقی اور نجکاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو شفاف، محفوظ اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں معاشی اصلاحات، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور طویل المدتی شراکت داری میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے پاکستان، ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا مضبوط، مخلص اور قابل اعتماد اتحادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے صنعتی ترقی، معاشی استحکام اور جدید انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن سے پاکستان فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، توانائی اور متبادل توانائی کے منصوبوں میں ترک سرمایہ کاری کا خیرمقدم بھی کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button