پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

اچھرہ: ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی مردہ پائی گئی، زیادتی کے بعد قتل کے شبہے پر متعدد افراد زیرِ حراست

لاہور(بیورو چیف) لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک نجی ٹیوشن سینٹر سے 10 سالہ بچی کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد قتل کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی، جس کی شناخت نعیمہ بی بی کے نام سے ہوئی، اپنے گھر سے ٹیوشن پڑھنے کے لیے گئی تھی۔ بعد ازاں اس کی لاش نجی ٹیوشن سینٹر کے واش روم سے ملی۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے، تحقیقات جاری

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے بتایا کہ قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اصل حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

ابتدائی تحقیقات میں کیا سامنے آیا؟

پولیس کے مطابق تین منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر خواتین بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی تھیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچی واش روم جانے کے لیے گراؤنڈ فلور پر گئی، لیکن کافی دیر تک واپس نہ آئی۔

جب ٹیچر نیچے پہنچی تو بچی واش روم میں بے ہوش حالت میں پڑی تھی۔ اہلِ محلہ کی مدد سے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی گردن پر نشانات پائے گئے ہیں، جبکہ مبینہ جنسی زیادتی کے شبہے کی بھی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

متعدد افراد زیرِ حراست

پولیس نے عمارت کے مالک عبدالرؤف سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے کر ان کے بیانات قلم بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق عبدالرؤف کی دو بیٹیاں مذکورہ ٹیوشن سینٹر میں بچوں کو پڑھاتی ہیں، جہاں تقریباً 20 بچے اور بچیاں زیرِ تعلیم ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل حقیقت پوسٹ مارٹم، فرانزک شواہد اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button