بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کروا رہا،3 روز میں42 جوان شہید،54 دہشتگرد ہلاک: پاک فوج
افغان طالبان رجیم سہولت کار ، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نیچا دکھا سکتی نہ کوئی مائی کا لعل ڈرا دھمکا اور خوفزدہ کر سکتا،بلوچستان پاکستان کی آن شان اور جان ہے : احمد شریف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نیچا نہیں دکھا سکتی،کوئی مائی کا لعل پاکستان کو ڈرا دھمکا اور خوفزدہ نہیں کر سکتا۔
بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے جبکہ افغان طالبان رجیم سہولت کارہے ۔ صوبہ بلوچستان پاکستان کی آن شان اور جان ہے ، صوبے کی ترقی دشمنوں سے ہضم نہیں ہو رہی ۔ ریا ست کا موقف دہشتگردی کے خلاف دو ٹوک اور واضح ہے ، ہم دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کا ہر حد تک پیچھا کرینگے ۔
گزشتہ تین روز میں آپریشنز کے دوران 42جوان شہید اور54 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے ہیں ۔ بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوے انہوں نے گزشتہ چار روز میں بلوچستان میں دہشتگردی کے تین بڑے واقعات ہوئے ۔ دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو ہدف بنایا ۔ پہلا واقعہ چار اور پانچ جولائی کی درمیانی شب دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو ہدف بنایا جس میں چار معصوم شہری شہید ہوے ۔
چھ جولائی کو دہشتگردی کا دوسرا واقعہ منگی ڈیم پمپمنگ سٹیشن کے قریب پیش آیا ۔ منگی ڈیم، کوئٹہ پمپنگ سٹیشن کے علاقے میں بھی دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، تاہم بلوچستان کے بہادر عوام اور پولیس اہلکاروں نے جرات و بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، اور پندرہ دہشتگرد جہنم واصل کئے ۔ پولیس کے نو جوان جھڑپ میں شہید ہوئے ۔
اس دوران خارجی 18اہلکاروں کو یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے ۔ سکیورٹی فورسز نے ان کا پیچھا کرتے ہوے یرغمالیوں کو رہا کرانے کی کوشش کی تاہم دہشتگردوں نے تمام18جوانوں کو شہید کر دیا ، اس دوران متعدد خارجی بھی ہلاک ہوئے ۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کا تیسرا واقعہ زیارت میں پیش آیا جہا ں دہشتگردوں نے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا جس میں9 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ۔
پولیس جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 14 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔ انہوں نے کہا ان 3 واقعات میں وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے 42 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 54 دہشتگرد مارے گئے ۔ مارے جانے والے دہشتگردوں کی اکثریت افغانیوں کی ہے ۔ انہوں نے کہا دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
ترجمان پاک فوج نے بلوچستان کو پا کستان کی جان ، آن شان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن بلوچستان میں دہشتگردی کروا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان اور اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں، حالانکہ زیارت میں شہید ہونیوالے تمام پولیس اہلکار مقامی اور مسلمان تھے۔
بھارت بلو چستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے ہم متعدد بار کہہ چکے کہ افغان سرزمین بھارت دہشتگردی کیلئے استعمال کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ریاست پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف موقف بالکل دوٹوک ہے ۔ فتنہ الخوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا ہم دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کا ہر حد تک پیچھا کرینگے۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نیچا نہیں دکھا سکتی ۔ کوئی مائی کا لعل پاکستان کو ڈرا دھمکا اور خوفزدہ نہیں کر سکتا۔



