لاہور:( کورٹ رپورٹر ) ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نےشہادت قلمبند کروادی۔
بانی پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے سینئر وکیل محمد حسین چوٹیا کی عدم دستیابی کی بنیاد پر گواہی ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے جرح بعد میں کر لیجیے گا، آج بیان قلمبند کر لیتے ہیں۔
عطا تارڑ نے حلف اٹھا کر شہادت قلمبند کراتے ہوئے عدالت میں بیان دیا وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی خدمات سے پوری دنیا واقف ہے،انہوں نے شہباز شریف کے مختلف انتخابات میں کامیابیوں اور سرکاری عہدوں پر فائز رہنے کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض اٹھایا یہ دستاویزات گواہ سے متعلق نہیں،عدالت نے اعتراضات بعد میں دیکھنے کا کہہ کردستاویزات ریکارڈ پر لے لیں۔
عطا تارڑ نےکہابانی پی ٹی آئی نے 8 اپریل 2017 کو نجی ٹی وی پروگرام میں شہباز شریف پر پانامہ کیس واپس لینے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کا جھوٹا الزام لگایا، جو بعد ازاں مختلف ٹی وی پروگرامز، جلسوں اور پشاور سمیت متعدد شہروں میں عوامی اجتماعات کے دوران بھی دہرایا گیا، انہوں نے ویڈیو کلپس اور اخباری تراشے بھی عدالت میں پیش کئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض کیا یہ مواد گواہ کا ذاتی نہیں، عدالت نے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔
عطا تارڑ نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا جھوٹے الزامات سے شہباز شریف کی ذاتی ساکھ اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ان کی عزت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے مزید دستاویزات جمع کرانے کی اجازت طلب کی،عدالت نے کہاباقی کاغذات دیگر گواہوں کے ساتھ جمع کرائے جائیں،عدالت نے عطا تارڑ کو آئندہ سماعت پر جرح کے لئے طلب کر لیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عطاء اﷲ تارڑ نے کہا امیدہے انصاف ملے گا اور حقائق عوام کے سامنے آئیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان خلاف ہتک عزت کیس میں حقیقی پیشرفت ہو چکی اور تمام ثبوت عدالت میں پیش کر دیئے گئے ہیں، عمران نیازی نے جھوٹا اور بے بنیاد الزام لگایا کہ آج جھوٹے الزامات لگانے والا خود کرپشن کے کیس میں اڈیالہ جیل میں اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے کے باعث قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ منافقت کی سیاست کی ، یوٹرن لینا ان کی عادت ہے،عمران نیازی کے وکلا اب تک 120 مرتبہ التواء مانگ چکے،آج بھی ان کے وکیل موجود نہیں تھے، ان کے پاس کہنے کو کچھ ہے نہ ثبوت، شہباز شریف کی سیاسی خدمات پوری قوم کے سامنے ہیں۔



