لاہور میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے،6 زیر حراست ملزم ہلاک
مقابلے گرین ٹاؤن، کاہنہ، سول لائنز، کینٹ ،ماڈل ٹاؤن اور اقبال ٹائون میں ہوئے، آصف، محسن،فرید، فاروق، رمضان ڈوگر اور وسیم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک:سی سی ڈی
لاہور:(بیوروچیف) لاہور میں ایک ہی رات میں غیبی حملہ آورسا تھیو ں نے مبینہ پولیس مقابلوں میں سی سی ڈی کے زیرحراست 6ملزمان مار دئیے اور ہمیشہ کی طرح مو قع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی سے مبینہ پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک ہوگئے یہ مقابلے گرین ٹاؤن، کاہنہ، سول لائنز، کینٹ ،ماڈل ٹاؤن اور اقبال ٹائون میں ہوئے جس میں زیرحراست ملزمان میں آصف، محسن،فرید، فاروق، رمضان ڈوگر اور وسیم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارے گئے۔
سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے ملزمان کو منشیات کی ریکوری کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کے ساتھیوں نے ان کو چھڑوانے کے لیے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ ان کی گولیوں کا نشانہ بن گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے مارے جانے والے ملزمان کی لاشیں پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔



