لاہور، اسلام آباد، پشاور (ویب ڈیسک) پاکستان میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہوتے ہی ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم شدید بارشوں نے کئی شہروں میں معمولات زندگی متاثر کر دیے جبکہ این ڈی ایم اے نے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی وقفے وقفے سے شدید بارش ہوئی۔
لاہور میں بارش کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا ترسیلی نظام متاثر ہوا اور 190 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار
گجرات کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ حافظ آباد، ڈسکہ اور وزیر آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ خراب موسم کے باعث مختلف شہروں سے آنے اور جانے والی متعدد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی اسلام آباد، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
دیامر میں سیلابی ریلے سے نقصان
دریں اثنا گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے داریل گماری بنیلے کے نالے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے فصلیں، واٹر چینلز، رابطہ پل اور پن چکیاں تباہ ہوگئیں۔ سیلاب کے باعث متعدد علاقوں میں آمدورفت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔



