لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
بارش کے پانی کی فوری نکاسی کی ہدایت
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران کسی قسم کی غفلت یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واسا کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی، چوکنگ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی اور نشیبی علاقوں سے جلد از جلد پانی نکالنے کی ہدایت دی۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی ادارے الرٹ
مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم، تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر امدادی اداروں کو مشینری اور عملے سمیت مکمل طور پر الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
محکمہ آبپاشی اور ٹریفک اداروں کو خصوصی ذمہ داریاں
وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کو نہروں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی، جبکہ شہری اور دیہی علاقوں میں مین ہولز کے ڈھکن مکمل طور پر بند رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات، خستہ حال عمارتوں کی نگرانی اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔
سیف سٹی اتھارٹی اور سی ٹی او کو ہدایت کی گئی کہ عوامی رہنمائی اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر تعلیم کو ہر ہفتے ایک کلاس لینے کی ہدایت
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہر ہفتے ایک سرکاری اسکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام، ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن اور ڈیجیٹل میپنگ پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری اسکولوں میں دو سال چار ماہ کے دوران 43 لاکھ طلبہ کی انرولمنٹ کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ پیف اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
امید کے عالمی دن پر پیغام
امید کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ امید انسان کو مشکلات میں بھی آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور صحت، تعلیم، رہائش اور کسانوں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
شوکت محمود میکسم کے انتقال پر اظہار افسوس
وزیراعلیٰ پنجاب نے ممتاز کارٹونسٹ شوکت محمود میکسم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی اور فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ملالہ یوسفزئی کی خدمات کو خراج تحسین
مریم نواز نے ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملالہ پاکستان کی بیٹی اور دنیا بھر میں امن، تعلیم اور خواتین کے حقوق کی علامت ہیں۔ ان کی جدوجہد نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔



