لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نواز شریف سینٹر آف ایمیننس منصوبے کو صوبے میں تعلیمی انقلاب قرار دیتے ہوئے 14 اگست تک 114 اسکول فعال کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ 65 نواز شریف سینٹر آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کرائیں، جو عوامی اعتماد اور منصوبے کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ستمبر 2026 تک 300 نواز شریف سینٹر آف ایمیننس مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ان اداروں میں عالمی معیار کی تعلیم، بہترین اساتذہ، جدید سہولیات اور ہر کلاس میں صرف 30 طلبہ رکھنے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سینٹر آف ایمیننس پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے اور سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کے اعتماد کی بحالی کا مظہر بھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں ایسے ادارے قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دو لاکھ روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے والدین کے بچوں سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ مکمل فیس ادا کرنے والے طلبہ کے لیے بھی 10 فیصد کوٹہ مختص ہوگا تاکہ ہر طبقے کو معیاری تعلیم کی سہولت میسر آ سکے۔
شجرکاری مہم پر اظہار اطمینان
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پنجاب میں 2025-26 کی شجرکاری مہم کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں 5 کروڑ درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ 54 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر شجرکاری کی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ مہم پنجاب میں سبز انقلاب کا آغاز ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک خوبصورت ورثہ ثابت ہوگی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو عالمی اعزاز
وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے منصوبوں کو عالمی سطح پر اعزازات ملنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP) نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو 2026 لیڈرشپ اِن دی پریونشن آف وہیکل کرائمز ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔
اسی طرح "میرا پیارا” منصوبہ، جو بچوں کی حفاظت کے لیے ورچوئل سینٹر ہے، WSIS Awards 2026 میں ای گورننس کیٹیگری میں چیمپئن پروجیکٹ قرار پایا، جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی دنیا کے بہترین 20 ای گورننس منصوبوں میں شامل کیے گئے۔
نوشہرہ ورکاں حادثہ
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نوشہرہ ورکاں میں ٹرک اور موٹر سائیکلوں کے تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔



