لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں آج ارتھ آور منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر میں 28 مارچ کی رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں گل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں، اداروں اور نوجوانوں سے اس عالمی مہم کا حصہ بننے کی درخواست کی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب صوبہ بھر میں ارتھ آور مہم کی مانیٹرنگ کریں گی جبکہ سیکرٹری ماحولیات کو مہم کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کو ترجیحات میں شامل کرنے کے لیے عالمی ادارے WWF کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جبکہ عوام توانائی بچت کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ نے تھیٹر کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں تھیٹر کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ حکومت تھیٹر کی بحالی، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور مالی تحفظ کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت 1831 فنکاروں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ تھیٹر ہالز کی اپگریڈیشن کا عمل بھی جاری ہے تاکہ انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ تھیٹر محض تفریح نہیں بلکہ معاشرے کا آئینہ ہے جو سماجی اصلاح اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے تھیٹر آرٹسٹس اور شائقین کو عالمی دن کی مبارکباد بھی دی۔



