پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم، ٹارگٹڈ سبسڈی نظام لانے کا فیصلہ
عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے، محمد اورنگزیب: وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی کوششوں کو سراہا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پٹرولیم قیمتوں اور سبسڈی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی صورتحال کو مستحکم قرار دیا گیا جبکہ پٹرولیم سبسڈی کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی میکانزم متعارف کرانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے جلد از جلد ٹارگٹڈ سبسڈی فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کیا جائے۔
اجلاس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے شفاف اور مؤثر سبسڈی نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی، جبکہ اس فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بلا تعطل فیول سپلائی برقرار رکھنے پر وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہا، جبکہ مزمل اسلم نے پاکستان کے پٹرولیم سپلائی مینجمنٹ نظام کو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر قرار دیا۔
اجلاس کے شرکاء نے پٹرول کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ حکومت کے پاس مالی گنجائش محدود ہے، جبکہ پٹرولیم لیوی کو آمدن کا ایک بڑا ذریعہ قرار دیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اقدامات معاشی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے اور موجودہ صورتحال کو اصلاحات کے ایک اہم موقع کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کے ذریعے سبسڈی اور ٹیکس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔



