لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ملاقات کی، جس کے دوران ملک کی مجموعی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، عوامی مقامات کی سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے گئے خصوصی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے سکیورٹی اداروں کی تیاریوں اور انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے مؤثر سکیورٹی انتظامات پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزاد، شفاف اور پُرامن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کا استحکام اور عوامی اعتماد کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اسی مقصد کے لیے انتخابی عمل کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔



