پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کے اسپنرز بھارت کیلئے دردِ سر، کل بڑا مقابلہ

لاہور (سلمان حسین ) آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں پاک، بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا ( کل) اتوار کو ہوگا، تاہم پاک، بھارت میچ بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کولمبو میں اتوار کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق دوپہر اور شام کے اوقات میں بارش کا امکان 55سے 60فیصد تک ہے، درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 31ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 22ڈگری رہنے کی توقع ہے، ہوائوں کے ساتھ دن بھر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
یہ میچ کولمبو کے معروف آر پریما داسا سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کے موجودہ پوائنٹس سسٹم کے تحت اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ،ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔ دونوں ممالک کی شائقینِ کرکٹ کی نظریں اب موسم پر مرکوز ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ حالات بہتر ہوں تاکہ دنیا بھر کے کرکٹ مداح اس سنسنی خیز مقابلے سے لطف اندوز ہو سکیں۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے پاکستان کے سپن اٹیک کو ایک مضبوط ہتھیار قرار دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے سپنر بھارتی ٹیم کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں، اس لیے محتاط رہنا پڑے گا۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق پاکستان کے سپن اسلحہ خانے میں موجود ہیں اور اگر کولمبو کی کنڈیشنز نے اجازت دی تو اس کو مزید مضبوط بھی کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی اپنی ٹیم کو پاک، بھارت ٹاکرے سے پہلے خبردار کر دیا۔
روہت شرما سے ایک تقریب کے دوران یہ سوال پوچھا گیا کہ ٹی 20کرکٹ میں کامیابی کو یقینی بنانا کتنا مشکل ہے کیونکہ صرف اس بات کو جان کر کوئی ٹیم ہمت تو نہیں ہار سکتی کہ بھارتی ٹیم اس بار ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ ہے؟۔ اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو یہ واضح کر دوں کہ میں نے کبھی اس بات پر یقین نہیں کیا کہ ٹورنامنٹ میں کوئی ٹیم فیورٹ ہوتی ہے۔ بھارتی کرکٹر نے کہا کہ یہ ایک مضحکہ خیز کھیل ہے اور ہم نے دیکھا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے پچھلے 10سال میں بہت کچھ ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ تمام کرکٹ ٹیمز کے پاس اب ٹی 20کرکٹ کھیلنے کا اتنا زیادہ تجربہ ہے کہ آپ صرف گرائونڈ میں جا کر یہ نہیں سوچ سکتے کہ یہ ہمارے لیے 2نکاتی فتح ہے بلکہ ان 2پوائنٹس کو حاصل کرنے کے لیے میچ کے دوران اچھی کرکٹ کھیلنی ہو گی ورنہ خالی ہاتھ گھر جانا پڑ سکتا ہے۔
روہت شرما نے کہا کہ ماضی میں کیا ہوا ہے اسے بھول جائیں بلکہ اس بات پر دھیان دیں کہ ابھی ٹیم کی صورتحال کیسی ہے کھلاڑی فارم میں ہیں یا نہیں ہیں اور جو میچ اب ہونے والا ہے، اس میں اچھا کھیلنا ہے کیونکہ ٹورنامنٹ میں موجود ہر ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button