یوکرین کا روس کے معروف سیاحتی ساحل پر ڈرون حملہ، 7 افراد ہلاک، 40 زخمی
ڈرون کا اصل ہدف روس کا اہم بحری اڈہ نووروسیسک تھا جو گیلینڈژک سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے

ماسکو:(ویب ڈیسک)یوکرین نے روس میں بحیرۂ اسود کے ساحلی تفریحی علاقے گیلینڈژک کے قریب ایک مصروف ساحل پر ڈرون داغے جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے یوکرین پر اس ڈرون حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرون کا اصل ہدف روس کا اہم بحری اڈہ نووروسیسک تھا جو گیلینڈژک سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے تاہم ڈرون ساحلی علاقے میں جا گرا اور بڑی تعداد میں شہری اس کی زد میں آ گئے۔
روسی علاقے کراسنوڈار کرائی کے گورنر وینیامین کوندراتیف نے اپنے ٹیلی گرام بیان میں کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ 60 زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بی بی سی ویریفائی کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کی جاسکتی ہے کہ حملہ گیلینڈژک کے قریب واقع ساحلی قصبے آرخیپو-اوسیپووکا میں کیا گیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے ان ویڈیوز کی مدد سے جغرافیائی محل وقوع، تازہ معلومات اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے جانچ کے بعد اسے موجودہ اور حقیقی قرار دیا ہے۔
آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈرون انتہائی مصروف ساحل کے قریب آ کر زور دار دھماکے سے ٹکراتا ہے جس کے بعد ساحل پر موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل جاتا ہے اور لوگ جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگتے نظر آتے ہیں۔
گو کہ روسی حکام نے حملے کا الزام یوکرین پر عائد کیا ہے تاہم یوکرین نے تاحال اس حملے کی نہ تو تردید کی اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بدستور جاری ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے علاقوں میں مسلسل ڈرون اور میزائل حملے کر رہے ہیں۔
حالیہ مہینوں میں روس کے اندر بھی یوکرینی ڈرون حملوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جن کا ہدف اکثر فوجی تنصیبات، توانائی کے مراکز اور عسکری انفراسٹرکچر کو بتایا جاتا ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ روسی حکام نے متاثرہ علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔



