عمران کی ضمانت کی درخواستوں پر آج سماعت ،بڑی عدالت سےبڑا فیصلہ متوقع
اسلام آباد:(کورٹ رپورٹر) عمران خان کی ضمانتوں کی درخواستوں پرآج پھر سپریم کورٹ میں سماعت ہو گی۔ چیف جسٹس کے کل کے ریمارکس اور ہدایت کے پیش نظر آج کی سماعت میں اہم فیصلہ کی توقع کی جا رہی ہے۔
کل منگل کے روز پی ٹی آئی کے بانی کی ضمانت کی 8 درخواستوں کی سماعت ہوئی تو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور بینچ کے سربراہ جسٹس یحیٰ آفریدی نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ لینا ضروری ہے، فریقین کل پیش ہوں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قرار دیا کہ بانی کی درخواستوں کی مزید سماعت آج صبح دس بجے دوبارہ ہو گی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی 8ضمانتوں کی درخواستوں پر سپریم کورٹ سے آج اہم خبر کی توقع کی جا رہی ہے۔
منگل کے روز چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بانی کی ضمانت کی8 درخواستوں کی سماعت کی۔ بانی کی درخواستوں کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے اس بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس شفیع صدیقی شامل ہیں۔
عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل سلمان صفدر پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی جانب سے جمع کرائی گئی کچھ دستاویزات نہیں دیکھ سکے ہیں، بہتر ہوگا کہ کیس کی سماعت کل ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردی جائے تاکہ تمام فریقین کو موقع مل جائے۔
وکیل نے وضاحت کی کہ جمع کرائی گئی دستاویزات میں صرف عدالتی فیصلے شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی دستاویزات ہیں، ان کا جائزہ لینا ضروری ہے اور جس فریق کو بھی کوئی مزید مواد پیش کرنا ہے وہ آج ہی جمع کرا دے۔
چیف جسٹس نے ہدایت دی کہ استغاثہ بھی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے۔ عدالت نے سماعت کل(آج بدھ کی صبح) تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی



