پاکستانتازہ ترینکاروبار

سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل: اب بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کئے جائینگے، وزیر اعظم

چین دوست ملک، بھائی چارے پر مبنی تاریخی تعلقات، ملک بھر میں چینی باشندوں کی موثر سکیورٹی کیلئے متعدد اقدامات لئے جارہے ہیں، ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کیا جائیگا، شہباز شریف

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور دوسرے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے زیرصدارت ملک میں چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہیں چینی باشندوں کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پورے ملک میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر چینی باشندوں کی خصوصی سکیورٹی کے انتظامات نافذ العمل ہیں، وفاق اور تمام صوبے اس ضمن میں بھرپور تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورے ملک میں سیف سٹی منصوبے زیر تعمیر ہیں، تمام نئے رہائشی منصوبوں میں سیف سٹی کے معیار کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ملک ہے، چین کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی ہمارے تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، ملک بھر میں چینی باشندوں کی موثر سکیورٹی کیلئے متعدد اقدامات لیے جارہے ہیں، سیف سٹی منصوبے بڑھتی ہوئی استعداد کی بہترین مثال ہیں، پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق سیف سٹی منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کا انتہائی اہم مشترکہ منصوبہ ہے، سی پیک اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور دوسرے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کی ترقی کے تناظر میں پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ مزید اہمیت کا حامل ہے، ہم ملک میں چینی برادری کیلئے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کر رہے ہیں۔
پاکستانی معیشت میں چینی کمپنیوں کا اعتماد ہمارے معاشی مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایئر پورٹس پر چینی باشندوں کی آمد و رفت سہولت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات لیے جائیں۔ دوسری طرف وزیراعظم نے اسلام آباد میں سیف سٹی، کیپیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، دورے میں وزیراعظم نے سیف سٹی کے منصوبے ’’ پولیس سٹیشن آن وہیلز‘‘ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ پولیس سٹیشن آن وہیلز کا مقصد 60سال سے زائد عمر کے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے علاوہ عوام کو ایف ائی آر اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف کو سیف سٹی کی جانب سے پولیس سٹیشن آن وہیلز کا پہلا ڈرائیونگ لائسنس اعزازی طور پر پیش کیا گیا اور انہیں پولیس سٹیشن آن وہیلز کے تحت درج کی گئی پہلی ایف آئی آر دکھائی گئی۔ وزیراعظم نے دورے میں پولیس آپریشن سینٹر، آن لائن ویمن پولیس سٹیشن، ٹیکسی ویری فیکیشن سسٹم اور ہنچ لیب کے مراکز کا دورہ کیا، انہیں بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیف سٹی سرویلینس سسٹم کے تحت اسلام آباد میں کل 3257کیمرے نصب ہیں، ان کیمروں کے ذریعے اسلام آباد میں مختلف تقریبات، محرم الحرام اور سیلاب جیسے خصوصی واقعات کی سکیورٹی کے لیے نگرانی کی جاتی ہے۔
وزیراعظم کو تمام سہولیات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے دورے میں خصوصی مقدمات پر کام کرنے والے سیف سٹی کے باصلاحیت نوجوانوں میں ان کی خدمات کے پیش نظر لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور سیف سٹی میں کام کرنے والے اہلکاروں سے گفتگو کرکے ان کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فائرنگ رینج اور ہاسٹل کی تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، نیشنل پولیس اکیڈمی میں 52ویں کامن بیج کی پاسنگ آئوٹ کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نیشنل پولیس اکیڈمی میں ماسٹرز کی ڈگری کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں ایسا ماحول قائم ہوگا جو کسی بھی تربیت گاہ میں ہونا لازم ہے۔
وزیر اعظم نے پولیس فورس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے بعد میدان عمل میں آپ نے عام آدمی کو انصاف دینا ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، آپ نے شہروں اور دیہاتوں میں امن قائم کرنا ہے، اہداف کا حصول تبھی ممکن ہے جب بہترین تربیت اور سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب ایلیٹ فورس کا قیام عمل میں لایا، ایلیٹ فورس کا مقصد ایلیٹ کو تحفظ نہیں بلکہ معاشرتی برائیوں کو ختم کرنا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ بطور وزیراعلیٰ انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لائے اور لاہور میں فرانزک لیب قائم کی، پنجاب پولیس میں 100فیصد میرٹ پر بھرتیاں کیں جس کے بعد سب اداروں نے ملکر دہشتگردی کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔ دوسری طرف وزیراعظم نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارشوں سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دورے کے دوران انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کو لوگوں کی مدد کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کیا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button