ٹیکس دہندگان کو کاروبار دوست ماحول دینے اور چوروں کو پکڑنے کا حکم
سیلاب کے فوڈ سکیورٹی پر اثرات کے جائزے کیلئے کمیٹی تشکیل: پاک، قازق تعاون مزید مضبوط بنانے کے خواہاں: شہباز شریف
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس دہندگان کو کاروبار دوست ماحول دینے اور ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم کے زیرصدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کیلئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں ۔ ان کی پذیرائی اور ٹیکس چوروں کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے مفید ثابت ہو گی ۔ مزید برآں وزیر اعظم نے حالیہ سیلاب سے زرعی پیداوار اور فوڈ سیکیورٹی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، سربراہی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کریں گے۔
کمیٹی میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی، سیکرٹری خزانہ، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری شامل ہیں۔ پنجاب اور سندھ کے سیکرٹری زراعت، ڈی جی سپارکو، ڈی جی لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم اور احمد عمیر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی بڑی فصلوں جیسے گنا، کپاس، چاول، مکئی اور سبزیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگائے گی۔ مزید برآں وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، مشترکہ دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم آفس کی میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مورات نورتیلو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے ان سے سے ملاقات کی۔



