فیلڈ مارشل اللہ کا انعام، انتہائی ایماندار انسان ہیں، گورنر پنجاب
پاکستان جنگ کی خواہش نہیں رکھتا، بھارت ہمیشہ جنگ مسلط کرتا ہے
لندن ( آئی این پی) گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اللہ کا انعام ہیں، وہ انتہائی ایماندار انسان ہیں۔
لندن میں تقریب سے خطاب میں گورنر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خواہش ہے کہ اپنے ملک کیلئے کچھ کر سکیں، مسلح افواج کے تینوں سربراہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ جنگ جیتنے کے بعد پہلی بار ایسا ہوا کہ ساری دنیا ہماری بات سن رہی ہے، ہمارے صدر اور وزیراعظم کو امریکی حکمرانوں کے ساتھ ناشتہ کرنے کیلئے پیسے دینے پڑتے تھے، پہلی بار ہوا کہ امریکی صدر خود پاکستانی قیادت کو مدعو کر رہے ہیں، پاکستان جنگ کی خواہش نہیں رکھتا، بھارت ہمیشہ جنگ مسلط کرتا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی کو پیشکش کی تھی، پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی کے انکار کے بعد ن لیگ سے اتحاد کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو پنجاب اور سندھ میں عزت ملی، انہوں نے اس کا پاس نہیں کیا۔



