لاہور ( بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) ایف آئی اے لاہور زون نے گارڈن ٹائون پاسپورٹ آفس پر چھاپے کے دوران 7ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف اے آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں کامران، اللہ دتہ، سفیان ، علی رضا آصف، اکرام اور محمد آصف شامل ہیں، ملزمان کا تعلق لاہور کے مختلف علاقوں سے ہے۔
ملزمان شہریوں سے پاسپورٹس بنوانے کی مد میں پیسے بٹور رہے تھے۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان شہریوں کو پاسپورٹ فوری بنوانے کا جھانسہ دے کر اضافی پیسے ہتھیا رہے تھے ، ملزمان سے ٹوکن، بنک چالان، رسیدیں و دیگر شواہد برآمد ہونے پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاسپورٹ مافیا کے خلاف جاری تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ، پاسپورٹ آفس کے ملازمین کے ملوث ہونے کا تعین بھی دوران تفتیش کیا جا رہا ہے۔



