لاہور، ساہیوال، فیصل آباد( بیوروچیف/سید ظہیرنقوی) مختلف پولیس مقابلوں میں 3ملزم ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( اے وی ایل ایس ) اقبال ٹائون اور بدنام زمانہ ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بین الاصوبائی گینگ کا متحرک سرغنہ رابری اور وہیکلز کی ان گنت وارداتوں میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزم اللہ رکھا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پولیس ٹیم ملزم بر ریمانڈ جسمانی کو برائے برآمدگی مال مسروقہ اور ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے علاقہ تھانہ ساندہ لے جارہی تھی۔ نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی کو چھڑوانے اور گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ملزم کے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم اللہ رکھا شدید زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ڈی ایس پی سی سی ڈی ( اے وی ایل ایس ) اقبال ٹائون محمد قمر ساجد نے بتایا کہ ہلاک ملزم، رابری اور وہیکلز سے متعلقہ سنگین جرائم کی وارداتوں میں بدنام زمانہ سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا ۔ ساہیوال کے علاقہ تھانہ فرید ٹائون کی حدود میں پولیس مقابلے میں ڈاکو عدنان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ فیصل آباد میں ڈرائی پورٹ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک اور 2فرار ہوگئے۔



