لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) جونیئر ایشیا کپ کے اعصاب شکن فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی۔ عمان کے شہر مسقط میں 26نومبر تا 4دسمبر تک جاری رہنے والے مینز جونیئر ایشیاء ہاکی کپ 2024میں پاکستان کی جانب سے کھیل کے شروعات میں ہی عبدالحنان شاہد نے گول سکور کیا۔
جس کے بعد بھارت کی جانب سے ارجیت سنگھ نے پینلٹی کارنر کے ذریعے لگاتار دو گول سکور کر دیئے۔ جبکہ 19ویں منٹ میں دلراج سنگھ نے گول سکور کرکے بھارت کی پوزیشن 1۔3سے مستحکم کردی ۔ جس کے بعد پاکستان کے پینلٹی کارنر اسپیشلسٹ محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعے یکے بعد دیگرے دو گول سکور کرکے میچ 3۔3گول سے برابر کر دیا۔
کھیل کے 47ویں اور 54ویں منٹ میں ارجیت سنگھ نے دو گول سکور کرکے بھارت کو 3۔5سے جتوا دیا۔ پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں ناقابل شکست ٹیم کے طور پر بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔



